بنگلورو18؍جولائی(ایس او نیوز) پچھلے چار پانچ دنوں سے ریاستی لیجسلیچر اجلاس میں ایک ہی مسئلے کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں کی رخنہ اندازی پر آج اسپیکر کے بی کولیواڈ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اسمبلی میں مسلسل ہنگامہ آرائی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیاں اپنی پارٹی کے نکتۂ نظر اور اس کی بنیاد پر سیاست کو ترک کرکے عوامی مفاد سے وابستہ اہم امور پر اگر ایوان میں بحث کریں گے تو ایوان کا وقار اور بلند کیاجاسکے گا۔ جب سے کارروائی شروع ہوئی ہے ڈی ایس پی گنپتی کی خود کشی اور جارج کے استعفیٰ کے مطالبے کے علاوہ کچھ بھی ایوان میں نہیں سنا گیا۔اسپیکر نے اس موقف پراپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں سے کہاکہ وہ اپنا دھرنا ختم کرکے ایوان کی کارروائیوں میں حصہ لیں۔ پارٹی بازی اور سیاست سے بڑھ کر عوامی مفاد کو مقدم سمجھیں۔اس مرحلے میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے الٹا اسپیکر پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ اسپیکر ہوتے ہوئے انہیں سیاسی امور پر بحث نہیں کرنی چاہئے۔ جارج کا استعفیٰ دلائیں ، ایوان کی کارروائی آرام سے چلے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بھی صرف فرد واحد کیلئے ایوان کی کارروائیوں کو یرغمال بنارکھا ہے۔اسپیکر ایسی نصیحت حکومت کو بھی دیں۔